ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے آئی کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صدر المصطفی ویلفیئر سوسائٹی میرپور عتیق احمد کیانی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز، فیاض حیدر نوابیایڈووکیٹ، محمود حسین چوہدری ایڈووکیٹ، حافظ ارشد ایڈووکیٹ، طارق بشیر، فیصل منظور سابق صدر چیمبر آف کامرس، ڈاکٹر تنویر صادق سرجن، سید عابد حسین شاہ صدر پریس کلب و دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر المصطفی آزادکشمیر عتیق احمد کیانی نے تقریب کے شرکاء کو المصطفی کی فلاحی خدمات کے متعلق بریفنگ دی۔ المصطفی گزشتہ دس سال میں اڑھائی لاکھ سے زائد سفید موتیا کے مفت آپریشن کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں لوگ ہونٹ کٹے اور تالو کے مریضوں کا مکمل مفت علاج کیا جا چکا ہے۔ صدر المصطفی نے غزہ اور لبنان میں المصطفی کی جاری امدادی سرگرمیوں اور دیگر پراجیکٹس کے حوالے سے بھی شرکا کو بریف کیا۔ ڈاکٹر عامر عزیز ایم ایس ڈی ایچ کیو نے المصطفی ویلفئیر سوسائٹی میرپور کی ٹیم کا فری آئی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور المصطفی ویلفئیر سوسائٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ مستقبل میں بھی المصطفی ویلفئیر سوسائٹی میرپور اور ڈی ایچ کیو انتظامیہ مل کر مزید پراجیکٹس کریں گے۔ڈاکٹر عامر عزیز صاحب نے سینئر نائب صدر المصطفی ویلفیئر سوسائٹی میرپور حافظ کاشف نذیر بجاڑ کی اس کیمپ کو کامیاب بنانے کے لیے کی گئی کاوشوں کا خصوصی تذکرہ کیا۔ المصطفی ویلفیئر سوسائٹی میرپور رضا الحق ایڈووکیٹ نے ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عامر عزیز اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے ڈی ایچ کیو میں فری کیمپ کا انعقاد کامیابی سے ممکن ہوا۔ المصطفی کیمپ میں سینکڑوں کی تعداد میں مریضوں کا مکمل فری چیک اپ کیا گیا۔ جن کو سفید موتیا کی تشخیص ہوئی ان 32 مریضوں کا مکمل مفت آپریشن کیا گیا۔ باقی تمام مریضوں کو فری گلاسز اور ادویات مہیا کی گئیں۔ آپریشن کے مریضوں کو کل دن کو المصطفی ویلفئیر سوسائٹی کے ڈاکٹر دوبارہ معائنہ کریں گے اور اس کے بعد 11 نومبر کو دوبارہ مریضوں کا فالو اپ چیک کیا جائے گا۔