Pre Loader

کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا تفصیلی دورہ

کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا تفصیلی دورہ اور ہسپتال کے متعلق بریفنگ لی اور ہسپتال کے تمام شعبوں اور وارڈز میں جاکر صحت کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عامر عزیز،ڈی ایم ایس ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار بھی موجود تھیں ۔ کمشنر میرپور جناب چوہدری مختار حسین نے ہسپتال کے زیر اہتمام شعبہ ایمرجنسی،میڈیکل، ایکسرے،بلڈ بنک،پتھالوجی لیب،ڈینٹل لیب، سرجیکل وارڈ،چائلڈ اور دیگر وارڈز سمیت کشمیر کارڈیالوجی سینٹر کے دورہ کے دوران ایک ایک چیز کے بارے میں بریفنگ لی۔اس موقع پر انھوں نے مریضوں کے لواحقین کے لیے ہسپتال میں پناہ گاہ کا بھی معائنہ کیا۔ہسپتال انتظامیہ اور سٹاف کی طرف سے صحت کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولیات اوراقدامات پراظہار اطمینان کیا اور ہسپتال میں مریضوں کے حوالے سے کمپیوٹرائزیشن کے طریقہ کار کو بھی سراہا۔ایم ایس کی طر ف سے مخیر حضرات کے تعاون سے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایمبولینس کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کی صحت سمیت لواحقین کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے فراہم کی جانے والی دیگرسہولیات پر بھی خراج تحسین پیش کیا اور مخیر حضرات کے تعاون کرنے پر حکومت آزادکشمیر کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر کمشنر چوہدری مختار حسین نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ شعبہ طب کی دوسرے شعبوں سے بہت زیادہ اہمیت ہے۔شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت کے جس فریضہ کو سرانجام دے رہے ہیں اس کے لیے حکومت آزادکشمیر فنڈز کا بڑا حصہ صحت کے شعبہ پر خرچ کررہی ہے تاکہ خطہ کے لوگوں کو صحت کی بروقت اور معیاری سہولیات میسر آسکیں۔شعبہ صحت سے وابستہ ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل،نرسنگ اور دیگر سٹاف اپنے فرائض محنت،دیانتداری اور فرض شناسی سے سرانجام دیں تاکہ ہسپتال آنے والے دکھی لوگ جب صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس جائیں تو ہسپتال عملہ کے رویہ کے بارے میں ان کے منہ سے دعائیں نکلیں۔انھوں نے ہسپتال کے لیے عطیات دینے والوں کا حکومت اور اپنی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کسی عبادت سے کم نہیں ہے جو جو لوگ اپنے عطیات اس شعبہ پر خرچ کررہے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو دنیا اور آخرت میں سرخروکرے۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عامر عزیز نے ہسپتال کو درپیش جملہ مسائل و معاملات سے آگاہ کیا جس کے حل کے لیے کمشنر چوہدری مختار حسین نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔