ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے شعبہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سینٹر سے ملحقہ اربوں روپے مالیت کی اراضی جو میرپور کے معروف سیکٹر F2 کی مین شاہراہ پر واقع ہے کچھ عرصہ سے اس رقبے پر قبضہ مافیا نے نظریں جمائی ہوئی تھیں اور اس قیمتی رقبہ کو متنازعہ بنایا ہوا تھا۔ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز کی تحریک پر کمشنر چوہدری مختار حسین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کو ہدایت کی کہ وہ اس رقبہ کی نسبت اصل حقائق سے انھیں آگاہ کریں۔ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے فوری طور پر رقبہ کے متعلق رپورٹ پیش کی کہ یہ رقبہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ملکیت ہے جس پر کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین اور ڈپٹی کمشنر یاسرریاض نے مذکورہ قیمتی رقبہ ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کردیا۔ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر اس رقبہ پر چار دیواری تعمیر کردی۔کمشنر چوہدری مختار حسین اور ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کے احسن اقدام کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ نے اظہار تشکر کے حوالے سے دعائیہ تقریب منعقد کی جس کے مہمان خصوصی کمشنر چوہدری مختار حسین، ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض،ایس ایس پی خاور علی شوکت تھے جبکہ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن جاوید نجم الثاقب ایڈووکیٹ، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عمر شہزاد جرال،ڈپٹی مئیر محمد رمضان چغتائی، پرنسپل محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر، ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر بشیر چوہدری، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر چوہدری قربان حسین،ایم ایس نیوسٹی ہسپتال ڈاکٹر شہزاد غضنفر، ڈی ایم ایس ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار، پرنسپل سی ایم ٹی کالج ڈاکٹر عبدالرؤف نشتر،انجمن تاجراں کے سہیل شجاع مجاہد،راجہ خالد خان،انجمن فلاح وبہبود انسانیت کے صدر ڈاکٹر طاہر محمود،کشمیر کارڈیالوجی کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر سعید عالم،سرجیکل کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،ہسپتال کی مختلف تنظیموں کے نمائند گان اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے جنھوں نے کمشنر چوہدری مختار حسین اور ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر کمشنر چوہدری مختار حسین نے کہاکہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کا رقبہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجہ کے لیے ہسپتال کے مختلف شعبوں کی توسیع کے لیے ہے اس قومی اثاثہ کو بچانے کے حوالے سے ہم نے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں ہیں اور ہسپتال کے رقبہ کو ہمیشہ کے لیے محفوظ بنا دیا ہے اب کوئی مافیہ اس رقبہ پر قبضہ نہیں کرسکے گا۔انھوں نے کہاکہ ایم ایس ڈاکٹر عامر عزیز نے رقبہ کو محفو ظ بنانے کے لیے فوری طور پر چار دیواری تعمیر کردی ہے یہ ہسپتال انتظامیہ اور اہلیان میرپور کے لیے خوشی کا مقام ہے کہ ہسپتال کی اراضی محفوظ ہوچکی ہے۔انھوں نے کہاکہ اس قیمتی اراضی پر اب مستقبل میں ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کے دیگر شعبہ جات یہاں قائم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا کہ ہسپتال کی اراضی پر گزشتہ دو سالوں سے تنازعہ چلا آرہا تھا جس پر کمشنر چوہدری مختار حسین نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس رقبہ کو ہسپتال کے حوالے کرنے کی ہدایات دیں اب یہ رقبہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تحویل میں آچکا ہے اور یہاں مستقبل میں طب کے شعبہ سے متعلق مختلف یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عامر عزیزاور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقبہ ہسپتال کی ملکیت تھا جس کو متنازعہ بنا کر اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ہسپتال انتظامیہ نے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور اس اراضی کے دفاع کے لیے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ رکھا۔آج اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کمشنر چوہدری مختار حسین اور ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کی سربراہی میں ہسپتال کی اراضی محفوظ ہوچکی ہے جس پر ہسپتال انتظامیہ تمام اداروں کی شکر گزار ہے جنھوں نے اس رقبہ کے حصول میں اپنا بھرپور رول ادا کیا۔یاد رہے کہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کی ملکیتی 287کنال اراضی ہے جس پر مستقبل قریب میں صحت کے حوالے سے دیگر کئی شعبے قائم کرنے کی گنجائش موجود ہے۔