تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے الشفاء بلڈ بینک کے تعاون سے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے کی جبکہ مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض چوہدری ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ ، صدر تھیلیسیمیا سوسائٹی آف پاکستان چیپٹر آزاد کشمیر و ڈپٹی مئیر بلدیہ محمد رمضان چغتائی اور ممبر چیمبر آف کامرس ممتاز رسول میر تھے۔ جبکہ تقریب میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ زوالفقار ، ہیڈ آف پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر زاہدہ قاسم ،کونسلر چوہدری وقاص ، چوہدری اسرار چیرمین الشفاء بلڈ بینک ، ایڈوکیٹ چوہدری محمد فیاض جنرل سیکرٹری بار اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کا شرف چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر اسامہ ظفر نے حاصل کیا جبکہ ساجد حسین چوہدری نے ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ تقریب میں مقررین نے تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لئے اپنی اپنی تجاویز پیش کی جس پر عمل درآمد کروانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لانے کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر الشفاء بلڈ بینک کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر آفیسران و مہمانان کے ہاتھوں سے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو عید گفٹ اور نقد عیدی سے بھی نوازا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض چوہدری بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انتہائی جذباتی انداز میں یہ وعدہ کیا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ اور دیگر سہولیات کے لئے ہر فورم پر نمائندگی کروں گا۔ تقریب کے آخر میں مہمانان خصوصی اور دیگر نے تھیلیسیمیا سینٹر کا تفصیلی وزٹ کیا بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ تھیلیسیمیا سینٹر میں تعینات عملہ کی بھی حوصلہ افزائی بھی کی مزید برآں چوہدری اسرار چیرمین الشفاء بلڈ بینک اور معروف بزنس مین ممبر چیمبر آف کامرس ممتاز رسول میر نے تھیلیسیمیا سینٹر کے عملہ کے لئے بھی عیدالفطر کے موقع پر پانچ پانچ ہزار روپے بطور عیدی دینے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب کا انعقاد کرنے میں چوہدری اسرار ، راجہ زاکر حال مقیم برطانیہ سابق وارڈ ماسٹر ہسپتال ہذا ، ندیم بٹ ، کامران شبیر جرال ، ساجد حسین چوہدری ، مرزا مسعود احمد ، چوہدری معروف ، وسیم اقبال وارد ماسٹر اور دیگر الشفاء بلڈ بینک کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا ۔