
میرپور (نامہ نگار) ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے لیے ایک اور فخر کا لمحہ، AFIC راولپنڈی میں منعقدہ FIT Jeopardy ECG Competition میں KIC ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔
اس مقابلے میں ملک کے بڑے اداروں بشمول شِفا انٹرنیشنل، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (RIC)، آرمی میڈیکل کالج (AMC)، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) اور AFIC نے بھرپور شرکت کی۔ پانچ راؤنڈز پر مشتمل اس مقابلے میں KIC ٹیم نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر +50 اسکور کے ساتھ واضح برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے ادارے پیچھے رہ گئے۔
مقابلے کے اختتام پر وننگ ٹیم کو سرٹیفکیٹ اور اعزازی شیلڈ دی گئی۔ ٹیم کے ممبران نے اس کامیابی کو اپنی محنت، ٹیم ورک اور ادارے کی مؤثر رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔
اس کامیابی میں وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر نثار عنصر ابدالی اور سیکرٹری صحت بریگیڈیئر حمد فرید کی مؤثر نگرانی اور رہنمائی کا کردار نمایاں رہا۔ ان کی سپرویژن اور پالیسی سطح کی رہنمائی نے ادارے کو ایسے مواقع پر بہتر کارکردگی دکھانے کے قابل بنایا۔
اسی طرح میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اس کامیابی کو ہسپتال کے عملے کی محنت اور جذبے کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جیت نہ صرف میرپور ٹیچنگ ہسپتال بلکہ پورے آزاد کشمیر کے لیے اعزاز ہے۔
ہیلتھ کمیونٹی اور محکمہ صحت آزاد کشمیر نے بھی ٹیم کی اس کامیابی کو ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی میرپور ٹیچنگ ہسپتال کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تعلیمی و تربیتی معیار کی حقیقی عکاسی ہے۔ امید ظاہر کی گئی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے شاندار کارنامے انجام دے کر ادارے اور خطے کا نام مزید روشن کیا جائے گا

