Pre Loader

ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس

یکم اکتوبر کو پلاک، ڈڈیال کے مقام پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، جہاں زخمیوں کو فوری طور پر منتقل کیا گیا۔
کل 116 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا، جن میں سے 31 سویلین شامل تھے۔ ہسپتال کے تمام شعبہ جات نے ہنگامی بنیادوں پر منظم انداز میں کام کرتے ہوئے ہر زخمی کو بروقت طبی امداد فراہم کی۔

پرنسپل محترمہ بینظیر میڈیکل کالج میرپور، پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز موقع پر موجود رہے اور تمام تر صورتحال کی براہِ راست نگرانی کی۔
ان کے ساتھ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ نے بھی بھرپور انتظامی کردار ادا کیا، جبکہ ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد سمیت دیگر ٹیموں نے علاج معالجے کے عمل کو مؤثر انداز میں جاری رکھا۔

ہسپتال انتظامیہ نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے ہی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع تیاری کر رکھی تھی۔ اس سلسلے میں باقاعدہ ریہرسل (Mock Drill) بھی منعقد کی گئی تھی، جس کی قیادت سرجن ڈاکٹر احمد نعیم کیانی اور یورالوجسٹ ڈاکٹر عمار بشیر نے کی۔
ان کی نگرانی میں ٹیموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی تربیت دی گئی تھی، جس کی بدولت حادثے کے موقع پر بروقت اور مؤثر رسپانس ممکن ہو سکا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے ماہرین فوری طور پر ایمرجنسی پہنچ گئے، جن میں
سرجن ڈاکٹر تنویر صادق، سرجن ڈاکٹر احمد نعیم کیانی، سرجن ڈاکٹر احمد محمود، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر احسان الحق، نیورو سرجن ڈاکٹر وقاص احمد اور یورالوجسٹ ڈاکٹر عمار بشیر شامل تھے۔
تمام ماہرین نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ بروقت علاج شروع کیا اور ہر زخمی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے اس موقع پر کہا کہ مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی محکمہ صحت آزاد کشمیر کی اولین ترجیح ہے، اور ہسپتال کے تمام عملے نے مشکل گھڑی میں جذبۂ انسانیت کے تحت بہترین خدمات انجام دیں۔

انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی جو سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے کہ سویلین زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ پروپیگنڈہ سراسر بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہے، کیونکہ تمام زخمیوں کو بلا تفریق مکمل علاج اور سہولیات فراہم کی گئیں۔

سرجنز، میڈیکل آفیسرز، نرسنگ آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمرجنسی ٹیموں نے بلا تعطل اپنی خدمات سرانجام دیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے ساتھ ساتھ سرجیکل، میڈیکل اور ڈائیگنوسٹک سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن مسلسل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز کے ساتھ رابطے میں رہے اور حالات کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لیتے رہے۔
اسی دوران ڈی آئی جی ڈاکٹر لیاقت بھی موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری یاسر ریاض اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس خرم اقبال نے بھی ہسپتال کا وزٹ کیا اور زخمیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔
ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا گیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس اور ٹیم ورک ہی کامیابی کی کنجی ہے، اور آج ہسپتال کے تمام عملے نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کا ثبوت دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی ہسپتال انتظامیہ اسی جذبے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ حادثے کے باوجود ہسپتال کی معمول کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔
پلاک اور ڈڈیال کے زخمیوں کے علاوہ، یکم اکتوبر کو ہسپتال کے فلٹر کلینک میں مجموعی طور پر 163 روٹین مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے نہ صرف ہنگامی صورتحال کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا بلکہ روزمرہ سروسز کو بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا