چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن چوہدری حسن اشرف نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا اچانک اور تفصیلی دورہ کیا

چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن چوہدری حسن اشرف نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا اچانک اور تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بشمول ایمرجنسی، ٹراما سنٹر، ایکسرے، الٹراساؤنڈ، بلڈ بینک، میڈیکل سٹور اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کی صورتحال اور انتظامی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین کمیشن نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج معالجہ کی سہولیات، عملے کے رویے اور دیگر انتظامی معاملات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں طبی خدمات کی بہتری، نظم و ضبط اور مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجہ اعجاز احمد ، ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار ، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد سمیت ہسپتال کا دیگر طبی و انتظامی عملہ بھی موجود تھا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے چیئرمین کمیشن کو ہسپتال میں جاری طبی سہولیات، درپیش مسائل اور مستقبل کے منصوبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن نے ہسپتال کو درپیش جملہ مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا اور حل طلب امور کو حکومتی سطح پر اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کارڈیالوجی سینٹر کو مکمل کارڈیک ہسپتال کا درجہ دلوانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ اس خطے کے عوام کو دل کے امراض کے جدید اور معیاری علاج کی سہولیات مقامی سطح پر میسر آسکیں۔

انہوں نے مجموعی طور پر ہسپتال میں صفائی، نظم و ضبط اور انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ انتظامیہ مزید بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی