
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور میں کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور ادارے کی کارکردگی، دستیاب سہولیات اور درپیش امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری یاسر سلطان، چوہدری محمد اخلاق، سردار فہد یعقوب، پرنسپل محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر، ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین اور دیگر سینئر پروفیسرز و ڈاکٹرز بھی موجود تھے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام الناس کو جدید اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، انہوں نے وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان محمود چوہدری کی تحریک پر ہسپتال کی ایمرجنسی اپگریڈیشن کے لیے 20 ملین روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا جبکہ میرپور ڈی ایچ کیو کی ایمرجنسی پر بڑھتے ہوئے بوجھ کے پیش نظر ایمرجنسی بیڈز کی تعداد 12 سے بڑھا کر 24 کرنے کی منظوری دی، مزید برآں وزیر حکومت یاسر سلطان محمود چوہدری کی تحریک پر وزیراعظم نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو مکمل ہسپتال کا درجہ دینے کے لیے معاملہ کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی اور ادارے کے سالانہ بجٹ میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 60 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی، انہوں نے کیتھ لیب کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے بائی پاس اور انجیو گرافی / انجیو پلاسٹی جیسی جدید سہولیات فراہم کرنے جبکہ ہسپتال کی سیکیورٹی اور بہتری کے لیے چار دیواری کی تعمیر کے احکامات بھی جاری کیے اور یقین دہانی کروائی کہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو مظفرآباد کے کارڈیک ہسپتال کی طرز پر ایک مکمل اور جدید دل کے علاج کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ خطے کے عوام کو معیاری طبی سہولیات مقامی سطح پر میسر آ سکیں، اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے سی سی یو میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی، انہوں نے معروف سماجی و کاروباری شخصیت حاجی محمد سلیم (مرحوم ) کی جانب سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی عمارت تعمیر کر کے عطیہ کرنے جیسے عظیم کار خیر پر ان کے صاحبزادے رافع سلیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا، بعد ازاں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے وزیراعظم کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی جبکہ وزیراعظم نے رافع سلیم کو بھی شیلڈ دی، آخر میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہسپتال کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور ماحول دوست اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔




