ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور “سینٹر آف ایکسی لینس” قرار
میرپور ( )
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کو شاندار کارکردگی، معیاری طبی خدمات اور جدید سہولیات کی فراہمی پر باضابطہ طور پر “سینٹر آف ایکسی لینس” قرار دے دیا۔ یہ اعلان سیکرٹری ہیلتھ آزاد جموں و کشمیر میجر جنرل محمد فرید نے 12 اگست 2025ء کو جاری اپنے مراسلے میں کیا۔
سیکرٹری ہیلتھ نے اپنے حالیہ دورۂ میرپور کے بعد ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹو، میڈیکل اور نرسنگ اسٹاف کی پیشہ ورانہ لگن، مریضوں کی معیاری نگہداشت، اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔ انہوں نے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HMIS) کے کامیاب نفاذ اور اس سے حاصل ہونے والی طبی ریکارڈز کی درستگی، کارکردگی میں اضافہ اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کی بہتری کو خصوصی طور پر قابلِ تعریف قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کلینیکل سروسز اور ڈیجیٹل ہیلتھ انوویشن میں ہسپتال کی شاندار کامیابیاں پورے خطے کے دیگر اداروں کے لیے ایک معیار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر اس معیار کو برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
سیکرٹری ہیلتھ نے آخر میں ہسپتال کے تمام عملے کو مریضوں کی دیکھ بھال اور جدید طبی سہولیات کے فروغ میں شاندار کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا۔