
وزیر صحت عامہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سید بازل نقوی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار نے پرنسپل محترمہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ، دیگر سینئر ڈاکٹرز اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ معزز وزیر صحت عامہ کا پھولوں کے گلدستے پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپور ڈاکٹر فدا حسین راجہ ، ہیڈ آف کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سعید عالم ، ڈاکٹر جہانگیر انجم ، ڈاکٹر عالیہ امتیاز ، ڈاکٹر عدنان مرغوب ، ڈاکٹر مزمل ، ڈاکٹر ضیاءالمحمود اور دیگر بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیر صحت عامہ کو کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے ملٹی میڈیا کے ذریعے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں سید بازل نقوی نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام فیز ٹو، سی سی ٹی وی کنٹرول روم اور ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں اور نظم و نسق پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر صحت عامہ نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال جیسے اداروں کو مزید فعال اور جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
مزید برآں صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے وزیر صحت عامہ کو ڈاکٹرز ،اور دیگر سٹاف کو درپیش مسائل اور اُن کے حل کی تجاویز پیش کرنے کے علاوہ انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کو صحت کارڈ پر کرنے کی بھی تجویز پیش کی جس پر وزیر صحت عامہ کی طرف سے مثبت کاروائی کی یقین دھانی کروائی گئ۔


