
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر، ڈاکٹر سردار آفتاب احمد نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی ہیلتھ نے شعبہ ایکسیڈینٹ اینڈ ایمرجنسی اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورانِ وزٹ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر عملہ کی حاضری چیک کی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی خوش آئند امر ہے اور عملہ کی محنت قابلِ تحسین ہے۔
کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کارڈیک وارڈز اور آئی سی یو کا معائنہ کرتے ہوئے بھی انہوں نے سروس ڈیلیوری کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد کو ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، نظم و ضبط اور انتظامی امور کی مؤثر نگرانی پر خصوصی طور پر سراہا اور ان کی قیادت میں ٹیم ورک کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
آخر میں ڈی جی ہیلتھ نے کہا کہ محکمہ صحت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اسی جذبے کے ساتھ خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا



