سیکرٹری صحت عامہ حکومت آزاد جموں و کشمیر بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا دورہ کیا

سیکرٹری صحت عامہ حکومت آزاد جموں و کشمیر بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا دورہ کیا۔ ہسپتال آمد پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ معزز مہمان کا پھولوں کے گلدستے سے پرتپاک استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔

سیکرٹری صحت عامہ نے ہسپتال میں جدید اپ گریڈ شدہ آپریشن تھیٹر کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح اپنے دستِ مبارک سے کیا۔ یہ اپ گریڈیشن محکمہ صحت اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن MAC کے باہمی اشتراک سے ممکن ہوئی، جس کے نتیجے میں ہسپتال میں جدید اور معیاری سرجیکل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

افتتاح کے بعد سیکرٹری صحت نے آپریشن تھیٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اور جدید آلات، مشینری اور بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس اہم اقدام پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز، ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ہسپتال کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

آپریشن تھیٹر کے دورے کے بعد سیکرٹری صحت نے سرجیکل آئی سی یو کا وزٹ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، بالخصوص روبوٹک سرجری کے بعد داخل مریضوں کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔

اس موقع پر انہیں ہسپتال میں حال ہی میں منعقد ہونے والے “سرجیکل ویک” کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس کے دوران روبوٹک سرجری سمیت جدید طریقہ علاج کے تحت متعدد پیچیدہ آپریشنز کامیابی سے انجام دیے گئے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر اشفاق احمد راجہ (چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی) کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا، جن کی نگرانی میں اس اہم میڈیکل ایونٹ کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔

بعد ازاں انہوں نے ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور اس سے ملحقہ ایریاز کا تفصیلی معائنہ کیا اور سروس ڈیلیوری، صفائی کے انتظامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔

معائنہ کے دوران ملحقہ ایریا میں گزرنے والے پانی کے نالے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اس نالے کو کور کرنے اور حفاظتی دیوار کی مرمت و تعمیر کا منصوبہ پہلے ہی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز کی زیر نگرانی تیار کیا جا چکا ہے، جس کا مقصد صفائی ستھرائی کو بہتر بنانا اور ہسپتال کے رقبہ کو محفوظ بنانا ہے۔

دورہ کے موقع پر شجرکاری مہم کو فروغ دینے کے لیے سیکرٹری صحت نے ہسپتال احاطہ میں پودا بھی لگایا اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی اور حالیہ ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن تھیٹر کمپلیکس کی اپ گریڈیشن سے پیچیدہ نوعیت کی سرجریز اب مقامی سطح پر ممکن ہو گئی ہیں، جس سے نہ صرف میرپور بلکہ ملحقہ اضلاع کے مریض بھی مستفید ہوں گے۔

سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بالخصوص محترمہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر کی تعلیمی و ادارہ جاتی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کالج اور ہسپتال کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کے باعث طبی تعلیم اور علاج دونوں شعبوں میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے شعبوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی اور ہسپتال و کالج کی مزید اپ گریڈیشن کے لیے مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔