(ماں، نوزائیدہ اور کم عمر بچوں کی غذائیت) ٹریننگ ورکشاپ

ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں محکمہ صحت آزاد کشمیر اور عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اشتراک سے جاری 4 روزہ MIYCN (ماں، نوزائیدہ اور کم عمر بچوں کی غذائیت) ٹریننگ ورکشاپ کامیابی سے جاری ہے، جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ بھرپور انداز میں شرکت کر رہا ہے۔

اسی سلسلے میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد نے ورکشاپ میں خصوصی شرکت کی اور تربیتی سیشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء اور منتظمین سے بھی ملاقات کی اور تربیتی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماں اور بچوں کی صحت کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور MIYCN جیسے پروگرامز اس حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی تقاضوں کے مطابق عملے کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں صحت عامہ کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس طرح کی ورکشاپس سے نہ صرف عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ علاج کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ورکشاپ کے دوران ماہر فیسلیٹیٹرز کی جانب سے ماں اور بچوں کی غذائیت، بریسٹ فیڈنگ، بیماریوں سے بچاؤ اور بچوں کی نشوونما سے متعلق جدید طبی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ شرکاء کو عملی تربیت کے ساتھ ساتھ مختلف کیس اسٹڈیز اور انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ورکشاپ میں DHQ میرپور، بھمبر، کوٹلی، پلندری اور CMH راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور طبی عملہ شریک ہے، جو اس تربیت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیت ان کے روزمرہ طبی فرائض کی ادائیگی میں انتہائی مددگار ثابت ہوگی۔

آخر میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، محکمہ صحت آزاد کشمیر اور WHO کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس تربیت کے مثبت اثرات مستقبل میں ماں اور بچوں کی صحت پر واضح طور پر نظر آئیں گے۔