Pre Loader

کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے زیر اہتمام فروٹ باغ میں پودا لگا کر قومی شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے زیر اہتمام فروٹ باغ میں پودا لگا کر قومی شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز، ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن جاوید نجم الثاقب ایڈوکیٹ ، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ ، پرنسپل نرسنگ کالج شہناز امیر، پی ،ڈی ایم ایس ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر اویس زائد ، انجمن فلاح و بہبودانسانیت کے صدر ڈاکٹر طاہر محمود،سابق صدرکشمیر پریس کلب الطاف حمید راؤ،پریس کلب میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ظفر مغل،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، چیرمین پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن آزاد کشمیر راجہ خالد شریف ، صحافیوں، میڈیکل و نرسنگ سٹاف نے بھی پودا جات لگائے۔ اس موقع پرکمشنر چوہدری مختار حسین نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی طرف سے قومی شجر کاری مہم کوکامیاب کر نے کے لیے دو ٹوک ہدایات ہیں۔ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں پھلدار باغ لگانا بھی وزیر اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کر نا ہے اس باغ میں ہسپتا ل انتظامیہ نے مختلف اقسام کے پھلدار پودے لگائے ہیں اور مزید پودے لگائیں گے۔یہ باغ جہاں ہسپتال کے لیے رونق کا باعث بنے گا وہا ں اس سے عوام الناس میں پھلدار درخت لگانے کا جذبہ عوام الناس میں بیدار ہو گا اور وہ اپنےگھروں،محلوں، کھیتوں سمیت مختلف جگہوں پر پودے لگائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی شجر کاری مہم جوش و جذبہ کے ساتھ شروع ہے جس سے موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی کے سدباب میں مدد ملے گی۔میری عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اپنے حصے کے پودے لگائیں اور بین الاقوامی موسمیاتی تبدیلیوں منفی اثرات کی روک تھام کے لیے شجر کاری مہم کو کامیاب کریں۔یہ ہماری اور ہماری آئندہ نسلوں کی بقا کے لیے ضروری ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے اس موقع پر بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اور وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی کے ویژن کے تحت ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میں پھلدار باغ لگایا جار ہا ہے۔اس باغ میں مختلف اقسام کے پھلدار پودا جات لگائے جارہے ہیں۔ہم وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر صحت عامہ کے مشن کے مطابق آزاد کشمیر بھر کو سبز و شاداب بنانے کے لیے دوسرے لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ خشک سالی کے خاتمے کے لیے قومی شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ نے بھی قومی شجر کاری اور جنگلات کے فروغ کی اہمیت و افادیت بیان کر تے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت عامہ قومی شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لے رہا ہے ۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ہمیں مل کر اس کار خیر میں اپنی بساط سے بڑھ کر حصہ ڈالنا چاہئے تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے کی وجہ سے ہونے والے منفی اثرات کو زائل کیا جا سکے۔
صدر سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن جاوید نجم الثاقب نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں سنگین موسمیاتی تبدیلیاں آرہی ہے جس کے تدراک کے لیے ہر فرد کو شجر کاری میں حصہ لینا چاہیے تاکہ جنگلات کو فروغ دیا جائے۔