ضلعی ہیڈکوارٹر میرپور میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب

ملک بھر کی طرح ضلع میرپور میں بھی یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

ضلعی ہیڈکوارٹر میرپور میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان، سئنیر سپرنٹنڈنٹ پولیس خرم اقبال، میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد ، ڈاکٹر اعجاز احمد میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈ کواٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے۔ صبح 8 بجکر 58 منٹ پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کے بعد قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور مارچ پاسٹ کیا۔

تقریب میں ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی، اسسٹنٹ کمشنر قاضی حسام ساجد، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر راجہ ایاز احمد خان، تحصیلدار چوہدری عمران یوسف، ڈی ایس پیز شہزاد سرور و ملک رضوان، اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت حسین، چیف آفیسر راجہ شیراز احمد خان، سینئر صحافی ظفر اقبال مغل، سجاد خانپوری سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 23 مارچ 1940 کی قراردادِ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، اور آج کے دور میں بھی قومی اتحاد، یکجہتی اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

آخر میں مفتی عبدالغفار سلفی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، سلامتی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، اسلام کی سربلندی، مسلح افواج پاکستان اور شہدائے پاکستان و کشمیر کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد نے اپنے پیغام میں کہا ہیکہ آج کا دن ہمیں صرف ماضی کی یاد نہیں دلاتا بلکہ یہ ہمیں اپنے حال اور مستقبل کے بارے میں بھی سوچنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے

آج کا دن ہمیں اُس عزم، قربانی اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس نے ہمیں ایک آزاد اور خودمختار وطن عطا کیا۔ قراردادِ پاکستان کی روشنی میں قائم ہونے والا یہ ملک ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔

ہم اپنے بہادر محافظوں، پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جو دن رات اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہماری سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ان کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت ہماری قومی سلامتی کی ضمانت ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمارے وطنِ عزیز پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے، اور ہمیں اس کی خدمت، یکجہتی اور دفاع کے لیے متحد رکھے