لائف اسٹائل میڈیسن

ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں لائف اسٹائل میڈیسن کے موضوع پر ایک نہایت اہم، بامقصد اور باوقار سمپوزیم کا انعقاد سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کیا گیا۔ یہ سمپوزیم آزاد جموں و کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد اقدام تھا، جسے لائف اسٹائل میڈیسن کے فروغ کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

سمپوزیم کی علمی سربراہی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سائیکاٹری، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شکیل آصف نے کی، جبکہ میزبانی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد نے انجام دی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد نے انتظامی امور کی مؤثر نگرانی کرتے ہوئے اس علمی نشست کے کامیاب انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کی علمی و تربیتی سرگرمیاں نہ صرف طبی ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ معاشرے میں صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

یہ سمپوزیم 24 اپریل 2026 کو کے آئی سی آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرینِ طب، پروفیسرز، ڈاکٹرز اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت پروفیسر آف انیستھیسیا ڈاکٹر ندیم احمد خان نے حاصل کی۔

اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ڈاکٹر خذیمہ خاور نے انجام دیے، جنہوں نے کنوینر آف سمپوزیم ڈاکٹر شکیل آصف کو ابتدائی کلمات کے لیے مدعو کیا۔ ڈاکٹر شکیل آصف نے مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اس امر پر روشنی ڈالی کہ روزمرہ طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لا کر نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی صحت کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مودت حسین رانا تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں ذہنی صحت، ہولسٹک میڈیسن اور جدید دور میں بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے متوازن طرزِ زندگی اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

تقریب کی دوسری مہمان سپیکر پروفیسر ڈاکٹر ہمیرا محمود تھیں، جنہوں نے پبلک ہیلتھ، لائف اسٹائل میڈیسن اور پیچیدہ ذہنی و جسمانی بیماریوں کی بروقت تشخیص کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سمپوزیم میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی ان میں ذہنی دباؤ کا مؤثر کنٹرول، جسمانی سرگرمی کی اہمیت، متوازن غذا، معیاری نیند اور تمباکو نوشی سے اجتناب شامل تھے۔ ماہرینِ طب نے شرکاء کو عملی رہنمائی فراہم کی تاکہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات کو اپناتے ہوئے ایک بہتر طرزِ زندگی اختیار کر سکیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز احمد نے مہمانِ خصوصی، معزز سپیکرز اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی ایسے مفید اور معیاری پروگرامز کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔

اس سمپوزیم میں 170 سے زائد ڈاکٹرز، سائیکالوجسٹس، پیرامیڈیکل اسٹاف اور میڈیکل طلباء نے شرکت کی۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر حسنین طاہر کی سربراہی میں ڈاکٹر عدیل ملک، ڈاکٹر کاشر سعید، ڈاکٹر عزت مآب کوشین، ڈاکٹر علی حسن، ڈاکٹر کنزہ شاہ پال اور ڈاکٹر خنساء محمود نے نمایاں کردار ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی کے اصولوں کو فروغ دیتے ہوئے ایک متوازن، صحت مند اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے